نئی دہلی،4؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مودی حکومت کےذریعے منظور کئے گئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یکے بعد دیگرے مختلف ادارے کسانوں کی حمایت میں سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ احتجاج کے دوران کسانوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف اب ایوارڈ واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے اپنا پدم وبھوشن گزشتہ دنوں واپس کر دیا تھا مگر اب تازہ اطلاع سامنے آ رہی ہیں کہ تقریباً 30 سابق کھلاڑیوں نے جلد ہی اپنا سرکاری ایوارڈ واپس کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہندوستانی باسکیٹ بال کھلاڑی اور ارجن ایوارڈ یافتہ سجن سنگھ چیما نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ 5 دسمبر کو کئی دیگر سابق کھلاڑیوں کے ساتھ دہلی پہنچیں گے اور راشٹرپتی بھون کے گیٹ پر اپنا ایوارڈ رکھ کر پرامن طریقے سے واپس چلے آئیں گے۔ ان کی حمایت میں اب کئی دوسرے سابق کھلاڑی بھی سامنے آگئے ہیں جو ان کی پیروی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیما کو 30 سے زائد سابق اولمپک اور دیگر میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں گرمیل سنگھ اور سرندر سنگھ سوڈھی بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی سال 1980 ماسکو اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے۔
اس تعلق سے سجن سنگھ چیما کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے کسان پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود جب وہ دہلی جانے لگے تو ان پر پانی کی بوچھار کی گئی اور اانسو گیس کے گولے پھینکے گئے۔ اگر بزرگوں اور بھائیوں کی پگڑی ایسے اچھالی جائے گی تو ایوارڈ رکھ کر کیا کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سابق ہاکی کپتان پرگٹ سکھدیو سنگھ ڈھینڈسا نے بھی اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 7 دسمبر کو اپنا ایوارڈ واپس کریں گے۔